اسلام آباد،11مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)پانامہ لیکس کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے وزیراعظم اور کیپٹن صفدر کے گوشواروں کی تفصیلات کے لئے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا۔تفصیلات کے مطابق جے آئی ٹی کی طرف سے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں وزیراعظم کے 2013 سے 2016 کے گوشوارے فراہم کرنے کا کہا گیا۔اس حوالے سے الیکشن کمیشن کی سکریسی برانچ نے گوشواروں کی فائل تیار کرکے چیف الیکشن کمشنر کو بھجوائی گئی جبکہ کیپٹن صفدر اور وزیراعظم کیکاغذات نامزدگی کی تفصیلات بھی مانگی گئی۔نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ گوشواروں اور کاغذات نامزدگی کی تفصیلات جے آئی ٹی کو بھجواد گئی ہیں۔یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں پانامہ لیکس کیس کی مزید تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دی گئی تھی جس سے کارروائی مکمل کرکے 60 روز کے اندر رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا گیا تھا۔